الفاظ کہانی

خیالات اپنے ہوں یا کسی اور کے انکا مظہر صرف اور صرف الفاظ ہی ہو سکتے ہیں. ان کی ماہیت کا مطالعہ کرنا کتنا ضروری ہے کہ ان کے راستے کے بنا خالص خیالات تک پہنچنا ناممکن لگتا ہے۔

The Words
1 hr 42 mins
Imdb 7.1/10

لفظ کیا ہے حروف کا مجمع. انہی لفظوں کو جوڑ کر کوئی شعر کہتا ہے تو کوئی نظم. کوئی اسے اپنی داستان کی زینت بناتا ہے تو کوئی مصنف اپنے خیالات کو جامع شکل دے کر ایک کہانی مرتب کرتا ہے۔ ایسے ہی ایک مصنف کی کہانی ہے جس نے اپنی زندگی کی کچھ یادیں، کچھ خواہشیں، کچھ مجبوریاں، کچھ مشکلیں، سب کو الفاظ کی شکل دی ہے، ایک زائچے میں اپنی قسمت کو پرویا ہو جیسے۔

نام، ویسے تو یہ کچھ حروف اور لفظوں کا کھیل ہے پر کوئی تمہیں کبھی تمہارے نام کے حروف کو ملا کر آواز دے تو تم چونک اٹھتے ہو، اسکی وجہ وہ تمہاری شناخت ہے۔ اگر آپ کے الفاظ کو کوئی اپنا نام دے کر داد وصول کرے تو اسے شناخت میں نقب لگانا ہی کہا جائے گا پھر چاہے اپنا نام دینے والا بعد میں کتنا ہی نادم ہو۔

اس مووی کو الفاظ میں بیان کرنا تھوڑا مشکل ہے پر اس کے علاوی کوئی چارہ نہیں. وجہ اس میں چھپے جذبات ہیں جن سے کوئی لفظ انصاف نہیں کر پارہا۔ ایک مصنف کی گمشدہ کتاب ایک اور مصنف کے ہاتھ لگ جاتی ہے، اتفاق کہیں، خوش قسمتی کہیں، یا بد قسمتی.

جس مصنف کے ہاتھ وہ کتاب لگی وہ خود ان دنوں کسمپرسی کی حالت سے دوچار تھا. موقع جان کر اس نے خودغرضی پر مبنی قدم اٹھایا اور کتاب کو اپنے نام سے شائع کروا کر شہرت حاصل کرلی۔ وقتی کامیابی اچھی تو بہت لگتی ہے پر ندامت کے سائے ہمیشہ سر پہ تلوار کی طرح لٹکتے بھی رہتے ہیں۔

ایسی ہی شرمندگی سے گزرتے ہوئے ایک دن یوں ہی اسکا سامنا ایک اجنبی سے ہوتا ہے جو اسے بتاتا ہے کہ تمہاری کتاب میں کچھ ادھورا سا ہے. اس ادھورے پن کو وہ اجنبی مکمل کرتا ہے. یہاں مصنف کو اندر سے سچائی کا ایک جھٹکا لگتا ہے اور اُس پر یہ راز افشاں ہوتا ہے کہ وہ تو مصنف کے بھیس میں ایک چور ہے، جو دوسروں کے الفاظ چراتا ہے اور انکی شناخت میں نقب زنی کرتا ہے.
اِس کہانی کےحقیقی خالق تو یہ اجنبی ہیں اور یہی اس کی اصل پہچان کے حقدار بھی ۔

ویسے تو اس کہانی میں کئی کہانیاں پوشیدہ ہیں۔ ایسے جیسے یہ لکھنے والے کو بتانا چاہتی ہیں کہ کیا تمہارے الفاظ گم ہوئے ہیں؟ کسی نے ان کو اپنا نام تو نہیں دیا؟ اگر کبھی وہ مل جائے تو تمہارا دل کیا چاہے گا؟

ایک بہترین مووی جسے دیکھ کر آپ ایک خوبصورت احساس سے روشناس ہونگے۔ وہ احساس کیا ہے اسے لفظوں میں کیسے بتاؤں؟ بس خود دیکھیں اور فیصلہ کریں۔

"We all make choices in life. The hard thing is to live with them"

تبصرہ : قاسم حمید

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

گندی شاعری

شہوانی و گندی شاعری