ورچوئیل ورلڈ
نویں جنم دن کے موقع پر بے ترتیب خیالات
عامر مغل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج میری آئی ڈی کا فیس بک پر جنم دن ہے۔ آج سے ٹھیک 9 سال قبل میری آئی ڈی ڈیجٹیل طریقے سے فیس بک پر پیدا ہوئی اور اب یہ جوانی کی بہاریں لوٹ رہی ہے۔ دراصل فیس بک پر گزرتی عمر اور بہتے وقت کی ڈائمنشن میرے حقیقی وجود اور حقیقی سماج سے مختلف ہے۔ یہ ایک ایسا سماج ہے جہاں کا وقت دنیاوی وقت کی نسبت بہت تیزی سے گزرتا ہے۔ سمجھ لیں دنیا کے دو گھنٹے یہاں دو منٹ محسوس ہوتے ہیں۔
یہ سماج ورچئیول ہے اور اپنی نوعیت میں خاصا آزاد ہے لیکن اس میں محبت، نفرت، سچ، جھوٹ، مذہبی، غیر مذہبی، سیاسی، معاشی، مادی، روحانی ہر طرح کی حرکیات موجود ہیں۔ یہ حرکیات میری آئی ڈی کے ذریعے مجھے اپنی شدت سے محسوس ہوتی ہیں۔
میں احساسات کی تقسیم تین سطحوں پر کرتا ہوں۔ ایک وہ جو مجھے فزیکل ورلڈ کے ذریعے ملتے ہیں جہاں میں رہتا ہوں، روزگار کماتا ہوں، وہاں میں چھو سکتا ہوں، سن سکتا ہوں، سونگھ سکتا ہوں، ذائقہ چکھ سکتا ہوں۔ دوسرے احساسات وہ ہیں جو مجھے خوابوں کے ذریعے ملتے ہیں۔ درد، لذت، دکھ، پیار، خوف یہ سب احساسات مجھے وہاں بھی ملتے ہیں مگر مسئلہ یہ ہے خواب میرے قابو میں نہیں آتے بس یہ میری ڈیفالٹ سیٹنگز میں ہیں۔ خواب ایبسٹریکشنز کی ایک مختلف دنیا ہے جہاں وقت کی ڈائمنشن بالکل عجیب ہے۔ تیس سیکنڈ کے خواب میں سالوں کا سفر طے ہو جاتا ہے۔ تیسرے احساسات وہ ہیں جو مجھے اس ورچیئول ورلڈ کے ذریعے ملتے ہیں۔ خوابوں کی دنیا کے برعکس یہاں میرے پاس لگام ہے جسکو ڈھیلا چھوڑنا یا کھینچنا کلی طور پر میرے بس میں ہے۔
فیس بک کی ورچيئول دنیا میں ورچئیول لوگ بستے ہیں جنکی شناخت ایک مخصوص آئی ڈی سے ہوتی ہے اور انکی پہچان انکے شعور یا لاشعور سے منعکس ہونے والے وہ الفاظ، علامات، ساکن یا محرک عکس ہوتے ہیں جو ہمیں یہاں ایک دوسرے کو نظر آتے ہیں۔ ان نو سالوں میری آئی ڈی نے کئی دیگر آئی ڈیز کے ساتھ واضح اور غیر واضح روابط قائم کیئے جس سے میرے جوہری شعور میں جہاں بہت ویلیو ایڈیشن ہوئی وہاں بہت ڈیسٹرکشن بھی ہوئی۔ میں فیس بک کے ورچئیول سماج اور حقیقی/فزیکل سماج کو برابر نہیں سمجھتا کیونکہ دونوں سماجوں کی ہیئت، ساخت اور حرکیات آپس میں بہت مختلف ہے لہذا میرے لیئے لازم ہے کہ ایک آئی ڈی اور اسکو آپریٹ کرنے والے انسان کو کسی نہ کسی درجے پر ایک دوسرے سے مختلف سمجھوں۔ فوٹوگرافی کی زبان میں بولوں تو فیس بک پر رہنے والا عامر مغل ایک low resolution وجود ہے جبکہ حقیقی دنیا میں پایا جانے والا عامر مغل ایک high resolution وجود ہے اور یہی اینالوجی میں سب پر اپلائی کرتا ہوں۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں