خصوصی مضمون

ہوم پیجخصوصی مضامین

خصوصی مضامین

آپ کے نئے اینڈرائیڈ فون کے لیے 10 بہترین ایپس

از فہد کیہر مورخہ دسمبر 27، 2017

 6,574

 1

تو آپ نے سال 2018ء شروع ہونے سے پہلے ہی نیا اینڈرائیڈ فون خرید لیا؟ تو کھولتے ہی آپ نے اپنی پسندیدہ ایپس بھی انسٹال کی ہوں گی۔ فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹوغیرہ! لیکن یہی بہترین وقت ہے مزید گہرائی میں جانے کا۔ اگر آپ یہ کام پہلی بار کر رہے ہیں تو ضروری ہے کہ ان 10 ایپس پر ضرور توجہ دیں۔ ہو سکتا ہے یہ آپ کی نظروں سے نہ گزری ہوں لیکن اینڈرائیڈ فون کا بھرپور لطف اٹھانے کے لیے ان ایپس کو ضرور استعمال کرنا چاہیے۔

LastPass

یہ کہنے میں کوئی حرج نہیں کہ پاس ورڈ مینیجر کا استعمال ایک اضافی کام ہے ۔ ہمیں وہی پرانا پاس ورڈ بار بار لکھنا اور استعمال کرنا زیادہ آسان لگتا ہے لیکن اگر اپنے اکاؤنٹس کو زيادہ محفوظ بنانا چاہتے ہیں تو اتنا سا کام تو آپ کو کرنا پڑے گا۔ اور کون نہیں چاہتا کہ اس کے اکاؤنٹس محفوظ ہوں؟ LastPass آپ کے لیے یہ کام آسان بناتی ہیں۔ یاد رکھیں کہ آپ کو یہ ایپ ڈیسک ٹاپ پر بھی استعمال کرنا ہوگی۔ لاسٹ پاس کا مشورہ اس لیے بھی دیا جاتا ہے ہے کہ اس کا مفت ورژن بھی دستیاب ہے اور اس میں بھی ہمیں تمام بنیادی اور اہم کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔

Weather Timeline

موسم کا حال بتانے والی ایپس کی کوئی کمی نہیں لیکن جہاں معاملہ خوبصورتی کا ہو اور ایپ کی widget بہت اہمیت رکھتی ہو وہاں Weather Timeline کو شکست دینا بہت مشکل ہے۔ یہ رنگین اور کسٹمائز ایبل ہے اور سب سے بڑھ کر پڑھنے میں آسان ہے۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یہ Dark Sky کا ڈیٹا استعمال کرتی ہے یعنی آپ کو Dark Sky کی بارش کے حوالے سے بہترین پیشن گوئیاں کرنے والے سسٹم کا پورا پورا ملے گا، وہ بھی اس کی ادائیگی کیے بغیر۔ ویسے ایپ کی قیمت 140 روپے ہے۔

Flamingo

اگر آپ سنجیدہ ٹوئٹر صارف ہیں تو Flamingo آپ ہی کے لیے ہے۔ آپ ایپ کے ہر اہم کام کے لیے رنگوں کا استعمال کر سکتے ہیں اور اپنی تھیمز بھی بنا سکتے ہیں۔ اس میں ‘read later’ کا فیچر بھی ہے اور صارفین اور کی ورڈز کو خاموش کرنے کا نظام بھی۔ اس میں اور بھی بہت کچھ ہے اور وہ بھی صرف صرف 230 روپے۔

VSCO

VSCO ایک شاندار فوٹو ایڈیٹنگ ایپس میں سے ایک ہے، اس کے بہترین فوٹو فلٹرز آپ کی تصاویر کو شاہکار بنا دیتے ہیں۔ اس کے بنیادی اور آسان ایڈیٹنگ ٹولز کے ذریعے آپ اپنی تصاویر کو بہترین انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔

Inbox

Gmail کے علاوہ گوگل کی دوسری میل ایپ ان باکس۔ اگر آپ بہت زیادہ ای میلز وصول کرتے ہیں تو انہیں سنبھالنے میں آسانی کے لیے اس ایپ میں کئی فیچرز موجود ہیں۔ Inbox خودکار طور پر ای میلز کو مختلف گروپوں میں ڈالتی ہے تاکہ زیادہ اہم ای میلز پہلے پائیں اور ان پر زیادہ توجہ دے سکیں جنہیں واقعی پڑھنے کی ضرورت ہے۔

Google Fit

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کا فون آپ کے اٹھائے گئے قدم گننے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے؟ اگر آپ یہ بات جانتے ہیں تو اس کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے Google Fit سے بہتر کچھ نہیں۔ یہ بہت ہی سادہ ایپ ہے اور بہت عمدگی کے ساتھ کام کرتی ہے۔ یہ بتاتی ہے کہ آپ ایک دن میں کتنا پیدل چلے؟ کتنی سائیکلنگ کی؟ اگر آپ اس کے خودکار نظام سے مطمئن نہیں تو اسے آپ manually بھی کر سکتے ہیں اور اس کے نتائج بہت ہی شاندار ہیں۔ اس کے ذریعے آپ روزانہ پیدل چلنے اور دیگر سرگرمیوں کے لیے اہداف بھی مقرر کر سکتے ہیں۔

Pushbullet

آئی فون اور میک استعمال کرنے کا ایک فائدہ تو یہ ہے کہ آئی فون کے نوٹیفکیشنز کمپیوٹر پر بھی آ جاتے ہیں اور آپ اپنے میک سے ہی اُن کا جواب دے سکتے ہیں یا ان کی ہدایات پر عمل کر سکتے ہیں۔ لیکن اینڈرائیڈ میں ایسا کچھ نہیں البتہ Pushbullet یہ کام انجام دے سکتا ہے۔ اسے اپنے فون پر انسٹال کریں اور پھر اپنے میک یا پی سی میں ڈیسک ٹاپ کلائنٹ پر بھی، یوں آپ کے فون کے نوٹیفکیشنز کمپیوٹر پر بھی آن موجود ہوں گے۔یہ صد فی صد تو کام نہیں کرتی لیکن پھر بھی کافی حد تک آپ کی مشکلات کو حل کر سکتی ہے۔ اگر آپ ہماری طرح کمپیوٹر کے مستقل صارف ہیں تو یہ ایپ آپ کا کافی قیمتی وقت بھی بچا سکتی ہے۔

Audio Recorder

کوئی تو وجہ ہوگی کہ اینڈرائیڈ کے ساتھ کوئی وائس ریکارڈر نہیں آتا، کم از کم اسٹاک اینڈرائیڈ میں تو ایسا نہیں۔ لیکن سونی کا یہ آڈیو ریکارڈر بہترین ہے۔ یہ سادہ ہے، مفت اور عام سے عام صارف بھی اسے باآسانی استعمال کر سکتا ہے۔ بس اتنا خیال رکھیے گا کہ ٹاپ کوالٹی پر ریکارڈنگ مت کیجیے گا، یہ آپشن تو بہت اچھا ہے لیکن اس کی فائل بہت بھاری بنتی ہے اور یوں آپ کے فون کی اسٹوریج کھا جائے گا۔

Messenger Lite

اگر آپ فیس بک کی میسنجر ایپ بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں تو بہتر یہی ہے کہ روایتی ایپ کے بعد Messenger Lite استعمال کریں۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ ایپ کا ہلکا ورژن ہے اور اس میں وہ تمام ‘ششکے’ نہیں ہیں جو میسنجر ایپ کو بھاری بناتے ہیں۔ اگر آپ وڈیو چیٹنگ اس جیسے فیچرز استعمال نہیں کرتے تو آپ کو لائٹ کا ہی رخ کرنا چاہیے۔

Pocket

اگر آپ پہلے سے Pocket استعمال نہیں کر رہے تو اب وقت آ گیا ہے کہ اس کی ایپ انسٹال کرلیں۔ Pocket آپ کووہ مضامین محفوظ کرنے کی سہولت دیتا ہے جو آپ براؤزنگ کے دوران پاتے ہیں اور بعد میں پڑھنے کے لیے محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو دورانِ سفر یا کام سے چھٹی کے دن مطالعہ کرتے ہیں تو پاکٹ آپ ہی کے لیے ہے۔

آڈیو ریکارڈران باکسایپساینڈرائیڈپاکٹفلیمنگوفیس بکگوگل فٹ

 6,574

 1FacebookWhatsApp

خصوصی مضامین

اپنے اینڈرائیڈ فون کو کیسے ری سیٹ کریں؟

از فہد کیہر مورخہ جولائی 7، 2018

 56,322

71

کیا آپ اپنا اینڈرائیڈ فون یا ٹیبلٹ فروخت کر رہے ہیں؟ تو یاد رکھیں کہ اس سے پہلے اپنے ڈیٹا کی تمام باقیات کو لازمی ڈیلیٹ کردیں۔ خوش قسمتی سے اینڈرائيڈ فونز میں ایسے فیچرز پہلے سے موجود ہیں جن کی مدد سے آپ اپنی ذاتی معلومات، ایپلی کیشنز اور دیگر مواد صاف کر سکتے ہیں۔ یوں فون بالکل اس حالت میں واپس چلا جاتا ہے جس طرح فیکٹری سے نکلا تھا۔ آئیے آپ کو یہ طریقہ بتائیں تاکہ آپ کو فون فروخت کرنے کے بعد ڈیٹا کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اینڈرائیڈ فون یا ٹیبلٹ کو صاف کرنے کے لیے آپ کو پہلے ڈیوائس پر موجود ڈیٹا کو انکرپٹ کرنا ہوگا تاکہ اگر کوئی کسی طرح فون کا ڈیٹا ریکور کرنے کی کوشش بھی کر جائے تو ناکام ہو۔ کیونکہ انکرپشن یقینی بناتی ہے کہ جو معلومات حاصل ہو وہ ریڈیبل نہ ہو۔

اس کے لیے اپنے فون کی Settings میں جائیں۔ یہاں Security پر ٹیپ کریں اور یہاں Encrypt Phone میں داخل ہو جائیں۔ اگر آپ کی ڈیوائس مکمل چارج نہیں ہے یا چارجنگ پر نہیں لگی ہوئی تو آپ کو پیغام دیا جائے گا کہ اس کام کے لیے فون کو مکمل چارج کریں۔ اب آپ کو ڈیوائس کو 100 فیصد چارج کرنا ہوگا اور پھر فون کو انکرپٹ کرنے کے لیے اس بٹن پر کلک کردیں۔

یہ کام کرنے کے بعد دوبارہ Settings میں آئیں اور یہاں Backup & Reset میں چلے جائیں۔ یہاں Factory data reset ہوگا، اس پر ٹیپ کریں۔ آنے والی اسکرین آپ کو بتائے گی کہ کون کون سا ڈیٹا مٹ جائے گا۔ اب آپ فون یا ٹیبلٹ کو ری سیٹ کرنے کے لیے بٹن دبا دیں۔ کچھ ہی دیر میں آپ کی ڈیوائس صاف ہوکر واپس فیکٹری کنڈیشن پر آ جائے گی۔

اینڈرائیڈسیکیورٹی

 56,322

71FacebookWhatsApp

خصوصی مضامین

فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے بہترین اینڈرائیڈ ایپس

از فہد کیہر مورخہ جون 14، 2018

 2,905

32

سعودی عرب اور روس کے میچ کے ساتھ ہی دنیائے کھیل کے بڑے ایونٹس میں سے ایک ‘فیفا ورلڈ کپ‘ کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ اب آئندہ کچھ دنوں تک 32 ملک اس خوبصورت ٹرافی کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئیں گے اور کروڑہا بلکہ اربوں تماشائی ٹورنامنٹ کے لمحے لمحے پر نظر رکھیں گے۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کئی ایسی کارآمد اور بہترین ایپس موجود ہیں جو ورلڈ کپ کے گروپس، شیڈول اور اسکورز کے ساتھ ساتھ کئی معلومات پیش کرتی ہیں۔ آئیے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

ESPN

ای ایس پی این کی ایپ سب سے شاندار ہے اور یہ عام خبروں اور وسیع کوریج کے ساتھ ساتھ فیفا ورلڈ کپ کے لیے خاص کیٹیگریب بھی رکھتی ہیں۔ گروپ اسٹیج میں ٹیبل پر کیا صورت حال ہے؟ اگلا میچ کس کا ہے؟ کس وقت کھیلا جائے گا اور کہاں پر؟ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ اس ایپ پر ملے گا۔

2018 FIFA World Cup Russia Official App

ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ کے لیے ایپس کی کوئی بھی فہرست آفیشل ایپ کے بغیر پوری نہیں ہو سکتی۔ یہ ایپ ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے تمام 64 میچز کی فوری کوریج اور وڈیوز کے ساتھ ہے۔ یہاں آپ جھلکیاں بھی دیکھ سکتے ہیں اور جاندار تجزیے بھی۔ فیفا ایپ پر تمام کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کے پروفائلز بھی ملیں گے بلکہ آپ کے لیے سب سے مزیدار بات یہ کہ ہر مقابلے میں ‘مین آف دی میچ’ کے لیے ووٹنگ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ ساتھ ہی فیفا ورلڈ کپ فینٹسی ایپ بھی ہے جو گوگل کے پلے اسٹور سے ڈاؤنلوڈ کی جا سکتی ہے تاکہ آپ اپنی ورلڈ کپ ڈریم ٹیم منتخب کرکے دوسرے فٹ بال کھلاڑیوں سے مقابلہ کر سکیں۔

FotMob World Cup 2018

فٹ موب فٹ بال کے دیوانوں کی ایک پسندیدہ ایپ ہے۔ عام لیگ سیزن کی طرح فٹ موب ورلڈ کپ کے دوران بھی ویسی ہی جاندار کوریج پیش کرتا ہے، وہ بھی اعداد و شمار کے ساتھ اور فوری۔ اس میں صارف پیشن گوئی بھی کر سکتا ہے اور اپنی پسندیدہ ٹیم کے لیے نوٹیفکیشن بھی حاصل کر سکتا ہے۔

Google News


گوگل نیوز ایپ بھی ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ گوگل کا ورلڈ کپ ٹریکر براہ راست اسکور، شیڈول اور نتائج کو خوبصورت اور پرکشش انداز میں پیش کرتا ہے۔ یہ ایپ یوٹیوب پر وڈیو جھلکیاں بھی پیش کرے گی لیکن بدقسمتی سے یہ صرف امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، برازیل، میکسیکو، ارجنٹینا، پیرو اور کولمبیا کے رہنے والے ہی ورلڈ کپ ٹریکر استعمال کر سکیں گے۔

theScore

دی اسکور بھی ایک آل راؤنڈر ایپ ہے جس میں ورلڈ کپ کی خبریں پیش کر رہی ہے۔ تمام خبریں، فوری اسکورز، آئندہ مقابلے، پوائنٹس ٹیبل اور بہت کچھ اس پر موجود ہوگا۔ ساتھ ہی مقبول ہوتے موضوعات اور اپنی پسند کی ٹیم کی خبریں حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اگر آپ کسی ٹیم کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ کے اس کے ہر گول، متبادل کھلاڑی کی آمد یا کسی کو کارڈ دکھانے کے الرٹس حاصل کر سکتے ہیں۔

SofaScore Live Score

صوفہ اسکور عرصے سے عالمی و یورپی فٹ بال کے پرستاروں میں مقبول ہے اور بلاشبہ ورلڈ کپ 2018ء کے دوران بھی بہترین کوریج دے گی۔ یہ صاف اور سادہ یوزر انٹرفیس پیش کرتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہوتا ہے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کا تفصیلی انداز اور ہر کھلاڑیوں کے گول، assists اور پاس مکمل کرنے کے اعداد و شمار بھی، یہی نہیں بلکہ کھلاڑی کی میدان میں حرکت کے heatmaps بھی اس ایپ پر دکھائے جاتے ہیں۔ یہ بلاشبہ پلے اسٹور پر موجود بہترین ورلڈ کپ ایپس میں سے ایک ہے۔

YouTube


مقبول ترین وڈیو شیئرنگ ایپ، جسے کسی تعارف کی ضرورت نہیں۔ گو کہ یہاں پر آپ کوئی مقابلہ براہ راست نہیں دیکھ سکتے ہیں – الّا یہ کہ آپ کے پاس سبسکرپشن ہو – لیکن یوٹیوب 80 سے زیادہ ممالک کے لیے جھلکیاں پیش کرنے کا انتظام رکھتا ہے۔ امریکا میں فوکس، برطانیہ میں بی بی سی اور دیگر ممالک میں بھی بہت سارے چینل یہ کام کریں گے۔ اب یہ نہیں پتہ کہ پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس یوٹیوب پر جھلکیاں پیش کرے گا یا نہیں، براہ راست نشریات تو بہرحال وہ نہیں دے رہا۔

کیا آپ کے خیال میں کوئی ایسی ایپ ہے جو فہرست میں رہ گئی ہے؟ ہمیں ضرور بتائیے۔

ایپسفیفا ورلڈ کپ

 2,905

32FacebookWhatsApp

خصوصی مضامین

ٹیکنالوجی کی دنیا میں اکیسویں صدی کی بہترین ایجادات

از فہد کیہر مورخہ مئی 12، 2018

 9,722

32

اکیسویں صدی میں داخل ہوئے آج ہمیں 18 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں اور یہ بات کہنا غلط نہيں ہوگا کہ دو دہائی سے بھی کم اس عرصے میں انسان نے جتنی سائنسی ترقی کی ہے، اتنی شاید پچھلی پوری صدی میں نہیں کی ہوگی۔ ٹیکنالوجی نے تو آج دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ خود ہی تصور کیجیے کہ آج سے صرف 20، 25 سال پہلے کی ہماری زندگیاں کتنی بدل گئی ہیں؟ جو ٹیکنالوجی پچھلی صدی میں ہمارے گھروں کا حصہ تھی، آج ان کا نام و نشان ہی موجود نہیں ہے۔ کہاں گئے ٹیپ ریکارڈرز اور واک مین؟ پیجرز اور فلم رول والے کیمرے؟ اب تو سی ڈی اور ڈی وی ڈی پلیئرز بھی شاذ و نادر ہی نظر آتے ہیں۔ کیونکہ ان سب کی جگہ لی ہے ایسی ایجادات نے جو کہیں زیادہ بہتر اور سستی ہیں۔ آئیے 21 ویں صدی کی چند بہترین سائنسی ایجادات پر نظر ڈالتے ہیں:

فیس بک


اگر آپ ہماری طرح 80ء اور 90ء کی دہائی کی حقیقی دوستی اور خوشی و غمی کے مشترکہ لمحات کو یاد کرتے رہتے ہیں تو آپ کو ضرور اس فیس بک سے نفرت ہوگی۔ لیکن اگر آپ کو ورچوئل دنیا پسند ہے تو شاید آپ کے لیے فیس بک زندگی میں ہر چیز سے بڑھ کر ہو۔ یہ "سوشل میڈیا” کا سب سے بڑا نام ہے جہاں آپ کے بچپن کے دوستوں سے لے کر آپ کے دفتری ساتھی بلکہ ننھیال، ددھیال، سسرال، میکہ سب جمع ہو جاتا ہے اور ساتھ ہی ایسے "دوست” بھی جن میں سے کئی سے آپ کی زندگی میں کبھی کوئی ملاقات نہیں ہوتی۔ بہرحال، یہی آج کی "سماجی دنیا” ہے، اس میں جینا سیکھیں۔

آئی پوڈ

2001ء میں جب دنیا پر اسمارٹ فونز کی "بمباری” ابھی شروع نہیں ہوئی تھی، تب آئی پوڈ نے موسیقی سننے اور دیکھنے کے حوالے سے دنیا کا نظریہ تبدیل کیا تھا۔ اس نے واک مینز کی دنیا اجاڑ دی اور عرصے تک دنیا کو اپنے سحر میں مبتلا کیے رکھا۔

بلوٹوتھ

بلوٹوتھ ٹیکنالوجی کی رونمائی 1999ء میں ہوئی لیکن اس کو موبائل فونز اور کمپیوٹرز کے لیے قبول کرنے کا کام اکیسویں صدی میں ہی ہوا۔ آج بلوٹوتھ ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ ہے اور "انٹرنیٹ آف تھنگز” کے آنے سے اور زیادہ پھیل رہا ہے۔ ہم اپنے اسمارٹ فونز ہی کو نہیں بلکہ لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز کو بھی اب بلوٹوتھ کے ذریعے کسی دوسری ڈیوائس سے منسلک کرتے ہیں۔

آئی فون


دو تین دہائی قبل کوئی تصور کر سکتا تھا ایسے موبائل فون کا جس پر انٹرنیٹ بھی استعمال کیا جا سکے، جس کی ایچ ڈی اسکرین پر موویز بھی دیکھی جا سکے، جو تصاویر لے، موسیقی سنائے اور دیگر کئی کام بھی ایسے کرے؟ یہ سب اکیسویں صدی میں ممکن ہوا آئی فونکی بدولت، جس نے 2007ء میں اسمارٹ فونز کی بنیاد رکھی۔ آج آئی فون اسمارٹ فونز کی دنیا کا سب سے معروف نام ہے بلکہ اسے رکھنا تو اب "اسٹیٹس سمبل” بھی بن چکا ہے۔

4جی

2008ء میں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشنز یونین نے فورتھ جنریشن (4G) معیارات کے لیے شرائط طے کیں۔ 4جی نے 3جی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز موبائل براڈبینڈ انٹرنیٹ رسائی فراہم کی اور ٹیلی فونی کے ساتھ ساتھ گیمنگ سروسز، ایچ ڈی موبائل ٹی وی، وڈیو کانفرنسنگ اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کو ممکن بنایا۔ آج پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں 4جی سروسز موجود ہیں اور کئی زندگیوں کو بدل رہی ہیں۔

گوگل گلاس


گوگل گلاس ایک اسمارٹ چشمہ ہے جو آپ کو اپنی آنکھوں کے سامنے معلومات دیتا ہے۔ یہ اسمارٹ فون ہی کی طرح ہے لیکن ہاتھوں سے آزاد ہوکر کام کرنا پڑتا ہے۔ زیادہ خوش مت ہوں، یہ بہت مہنگا بھی تھا اور کام بھی اتنا نہیں آیا، جس کی وجہ سے گوگل کو اس منصوبے کو ڈبے میں بند کرنا پڑا۔

ہائبرڈ گاڑیاں

توانائی کے لیے دو ذرائع پر انحصار کرنے والی گاڑیاں روایتی کاروں کے مقابلے میں ماحول کے لیے بہتر ہیں۔ انہیں بنایا بھی اس لیا گیا تھا۔ کاروں کے علاوہ اب ایسی ٹرینیں اور دیگر گاڑیاں بنانے پر بھی کام جاری ہے جبکہ کاریں مکمل طور پر بجلی کا رخ کر رہی ہیں لیکن وقت ہی بتائے گا کہ یہ اس صدی کا سب سے شاندار خیال ہے یا پھر ایسا تصور جس سے کہیں زیادہ امیدیں وابستہ کرلی گئی تھیں۔

ایمیزن کنڈل

ایک روایتی کنڈل آپ کو ہزاروں برقی کتب، اخبارات، جرائد اور دیگر ڈجیٹل میڈیا خریدنے کی سہولت دیتی ہے۔ مختصراً یہ کہ آپ کی پوری لائبریری آپ کی جیب میں آ گئی۔

اوکولس رفٹ


اسٹار ٹریک کے ہولو ڈیک کے قریب ترین چیز جو اس وقت حقیقی دنیا میں موجود ہے وہ اوکولس رفٹ ہے۔ اس کا واحد کام تفریح فراہم کرنا ہے اور بس۔ تو اگر آپ وڈیو گیمز پسند نہیں کرتے تو اسے چھوئیے گا بھی مت لیکن اگر آپ گیمر ہیں تو یہ آپ کے لیے سب کچھ ہے۔

یوٹیوب

یوٹیوب پہلی بار 2005ء میں لانچ ہوا اور اس وقت سے اب تک یہ کئی لوگوں کی زندگیاں بدل چکا ہے۔ اب چاہے آپ کو کھانے پکانے کی کسی ترکیب کی ضرورت ہو یا کسی مخصوص چیز کی مرمت خود کرنا چاہ رہے ہوں، پی ٹی وی کے پرانے یادگار دیکھنا چاہتے ہوں یا اپنی وڈیوز بنا کر دنیا کو رہنما دینا چاہتے ہوں، یوٹیوب اس کام کے لیے موجود ہے۔

گوگل اینڈرائیڈ


2007ء میں ایپل کا آئی فون منظر عام پر آتے ہی موبائل فون بنانے والے کئی ادارے حرکت میں آ گئے لیکن انہیں ضرورت تھی ایک آپریٹنگ سسٹم کی جو آئی او ایس کا مقابلہ کر سکے۔ اینڈرائیڈ کو درحقیقت کیمرے کے لیے اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم کے طور پر تیار کیا گیا تھا لیکن 2005ء میں اسے گوگل نے خرید لیا اور 2008ء میں بطور موبائل او ایس لانچ کردیا۔ آج یہ سام سنگ، سونی، ایل جی اور ایچ ٹی سی سمیت دنیا کے بیشتر فونز کا آپریٹنگ سسٹم ہے بلکہ 80 فیصد سے زیادہ فونز پر اینڈرائیڈ ہی نصب ہے۔

آئی پیڈ

ایپل نے 2010ء میں اپنا پہلا ٹیبلٹ پی سی پیش کیا، جسے آئی پیڈ کہا جاتا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ڈیوائس تو نہیں تھی لیکن اس نے عوام میں مقبولیت بہت حاصل کی اور ایک نئے رحجان کو جنم دیا۔ یہ اب بھی دنیا کا سب سے مشہور ٹیبلٹ پی سی ہے، البتہ ایپل کے آئی او ایس کے مقابلے میں اینڈرائیڈ دنیا کا نمبر ایک ٹیبلٹ آپریٹنگ سسٹم ہے۔

گوگل ڈرائیورلیس کار


گو کہ اب تک گوگل نے ڈرائیورلیس کار لانچ نہیں کی ہے البتہ یہ 2012ء سے اس کے تجربات کر رہا ہے۔ اس کی یہ گاڑیاں 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ریاست کیلیفورنیا میں دوڑتی پھرتی نظر آتی ہیں۔

آئی پیڈآئی فوناوکولس رفٹاینڈرائیڈفیس بککنڈلگوگلگوگل گلاس

 9,722

32FacebookWhatsApp

خصوصی مضامین

کہیں آپ بھی فیس بک اسکینڈل کے متاثرین میں سے تو نہیں؟

از ندیم رزاق کھوہارا مورخہ اپریل 14، 2018

 4,403

شیئر کیجئے

فیس بک کے حالیہ سامنے آنے والے کیمرج اینالاٹیکا اسکینڈل کے بارے میں یقیناً آپ کو معلوم ہو گا۔ اسے فیس بک کی ہی نہیں بلکہ پورے سوشل میڈیا کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا جاتا ہے۔ کمپیوٹنگ پر اس اسکینڈل کے سلسلے میں آپ کو تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا جاتا رہا ہے۔

بہت سے پاکستانیوں کی اس اسکینڈل سے دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔ کیونکہ ہمارے ہاں ابھی ذاتی معلومات کے تحفظ کے حوالے سے اتنی آگہی نہیں ہے۔ ویسے بھی عام پاکستانی کو اس بات سے غرض نہیں ہے کہ اس کے ڈیٹا کو کس حد تک غیر قانونی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اور آنے والے وقت میں اس کی وجہ سے کتنی مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔

اس مضمون میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح آپ یہ جان سکتے ہیں کہ کہیں فیس بک پر موجود آپ کی ذاتی معلومات بھی کیمرج اینالاٹیکا اسکینڈل کی نذر تو نہیں ہوئیں تھیں؟ نیز آئندہ کے لیے کیسے آپ اپنے فیس بک کھاتے کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ پہلے ایک مختصر اور طائرانہ نظر۔۔۔ کہ کیمرج اینالاٹیکا اسکینڈل دراصل کیا اور کس نوعیت کا تھا۔

کیمرج اینالاٹیکا اسکینڈل کیا ہے؟

برطانیہ کی کیمرج اینالاٹیکا نامی فرم کے حوالے سے یہ انکشاف ہوا تھا کہ اس نے اپنی ایک ایپ کے ذریعے فیس بک کے آٹھ کروڑ سے زائد صارفین کی معلومات کو چرا کر اسے امریکی انتخابات سمیت مختلف مواقع پر غیر قانونی طور پر استعمال کیا تھا۔

کیمرج اینالاٹیکا نے نا تو کسی کھاتے کا پاس ورڈ کریک کیا تھا نا ہی جعلی کھاتے بنانے سمیت کوئی تکنیکی طور پر غیر قانونی طور پر کام کیا تھا۔ بلکہ اس فرم نے فیس بک صارفین کا اعتماد حاصل کرتے ہوئے اپنی بنائی ہوئی "یہ میری اعدادی زندگی ہے” This is my digital Life نامی فیس بک ایپ کو ان کے کھاتوں میں نصب (انسٹال) کیا تھا۔

اس تنصیب کے دوران ایپ نے نا صرف متعلقہ صارف کی معلومات بلکہ اس صارف کے دوستوں کے کھاتوں تک رسائی کے حقوق بھی حاصل کیے۔ جس کا مطلب یہ کہ اگر آپ نے یہ ایپ اپنے کھاتے میں نصب نہیں بھی کی اور آپ کے فیس بک دوستوں میں سے کسی ایک نے بھی کی تھی تب بھی آپ کی تمام ذاتی معلومات بالواسطہ طور پر آپ کے دوست کے ذریعے کیمرج اینالاٹیکا فرم تک پہنچی ہوں گی۔

اسی طریقہ کار سے فرم نے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا حاصل کیا۔ مزید تفصیلات آپ کمپیوٹنگ کے گزشتہ مضامین میں پڑھ سکتے ہیں۔

اب آتے ہیں اس جانب کہ یہ کیسے جانا جا سکتا ہے کہ آپ بھی متاثرین میں شامل ہیں کہ نہیں؟ اس کے لیے طریقہ کار درج ذیل ہے۔

کیا آپ بھی اسکینڈل کے متاثرین میں سے ہیں؟

فیس بک کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ان تمام صارفین کی فہرست پر مشتمل لاگ موجود ہے جنہوں نے "یہ میری اعدادی زندگی ہے” نامی ایپ استعمال کی ہے۔ آپ اس لاگ کے ذریعے یہ دیکھ سکتے ہیں کہ کہیں آپ بھی کیمرج اینالاٹیکا اسکینڈل کے براہ راست یا بلواسطہ متاثرین میں شامل تو نہیں۔
یہ جاننے کے لیے آپ درج ذیل لنک کو کاپی کریں اور اپنے ویب براؤزر میں چلائیں۔ نتیجتاً ظاہر ہونے والی ونڈو میں اپنے فیس بک کھاتے میں لاگ ان ہوں۔

https://www.facebook.com/help/1873665312923476

اگر آپ کو نیچے دیے گیے اسکرین شاٹ کے مطابق پیغام موصول ہوتا ہے تو مبارک ہو آپ فیس بک کی تاریخ کے بڑے اسکینڈل سے بال بال بچ گئے ہیں۔

مزید کیا کیا جائے؟

اگر آپ کا نام بدقسمتی سے متاثرین میں شامل ہے تو بھی فی الحال آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ کیونکہ پانی سر سے گزر چکا ہے۔ تاہم آئندہ کی پیش بندی کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

اس مقصد کے لیے آپ درج ذیل لنک پر جا کر یہ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کے کھاتے میں کون کون سی ایپس نصب ہیں۔ اور انہیں کس قسم کے اختیارات حاصل ہیں۔ آپ ان اختیارات میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر بند یا مشروط اجازت دے سکتے ہیں۔

https://www.facebook.com/app_settings_list

آپ کو یہ کام ضرور کرنا چاہیے تا کہ آئندہ کوئی آپ کی ذاتی معلومات سے ناجائز فائدہ نا اٹھا سکے۔

فیس بک

 4,403

شیئر کیجئےFacebookWhatsApp

خصوصی مضامین

کیا آپ کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے؟

از فہد کیہر مورخہ اپریل 13، 2018

 6,260

شیئر کیجئے

فیس بک کے تازہ ترین اسکینڈل نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ خاص طور پر وہ صارفین جو اپنی پرائیویسی کے حوالے سے سنجیدہ ہیں، ان کے لیے فیس بک سے آنے والی خبریں کسی دھماکے سے کم نہیں۔ عین اس موقع پر فیس بک پر ایک پیغام بہت تیزی سے گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے یا نہیں۔

سوشل نیٹ ورک پر اندھادھند شیئر ہونے والا مکمل پیغام کچھ یوں ہے:

Mark Zuckerberg, CEO of Facebook, invented the word BFF. To make sure your account is safe on Facebook, type BFF in a comment. If it appears green, your account is protected. If it does not appear in green, change your password immediately because it will be hacked.


یعنی اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کا فیس بک اکاؤنٹ محفوظ ہے تو کمنٹ میں "BFF” ٹائپ کیجیے، اگر وہ سبز رنگ کا نظر آئے تو سمجھیں آپ کا اکاؤنٹ محفوظ ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو فوری طور پر اپنا پاس ورڈ تبدیل کرلیں کیونکہ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ اس دعوے کی سرے سے کوئی بنیاد ہی نہیں۔ یہ تو نہیں معلوم کہ دراصل اس دعوے کا آغاز کہاں سے ہوا لیکن ہر افواہ کی طرح یہ فیس بک پر بہت تیزی سے پھیلا ضرور۔

فیس بک نے 23 اکتوبر 2017ء کو مختلف نئے فیچرز متعارف کروائے تھے، جن میں چند مقبول تبصروں کے ساتھ animations بھی منسلک کی گئی تھیں۔ جیسا کہ آپ congratulations لکھیں، یا اردو میں "مبارکباد” ہی لکھ دیں، تو نہ صرف تبصرے کا رنگ تبدیل ہونے لگا بلکہ اس پر کلک کرنے سے ایک خوبصورت animation بھی سامنے آ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ xoxo، rad، lmao، thank you so much اور bff بھی ان تبصروں میں شامل کیے گئے جو animate کر سکتے ہیں۔

BFF دراصل "Best Friends Forever” کا مخفف ہے۔ یعنی صاف ظاہر ہے کہ BFF کا فیس بک کی اکاؤنٹ سکیورٹی سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ اگر کوئی BFF سبز رنگ کا لکھا نہ بھی نظر آئے تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس صارف کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے، بلکہ اس کی وجہ آپ کے براؤزر کی سیٹنگ ہو سکتی ہے۔

سیکیورٹیفیس بکہیکنگ

 6,260

شیئر کیجئےFacebookWhatsApp

ہم سے رابطے میں رہیں

FacebookLikes1050Followers369Subscribers

نیوز لیٹر

ہماری تازہ ترین تحریریں اپنے ای میل ان باکس میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے۔

Subscribe

Powered by 

ٹیکنالوجی نیوز

ٹیکنالوجی نیوز

اسپاٹیفائی کے صارفین کی تعداد 191 ملین تک پہنچ گئی‎

واٹس ایپ میں نیا فیچر، گروپ چیٹ میں پرائیوٹ پیغام

نومبر 2، 2018

پینا سونک کا 100 ڈالر سے بھی سستا اسمارٹ فون

نومبر 1، 2018

نئے آئی فون کی eSIM صرف دس ممالک میں قابل استعمال ہے

ستمبر 15، 2018

 PREV NEXT  1 of 357

تازہ تحاریر

اوپو

جدید ڈیزائن اور سپر فل اسکرین کے ساتھ OPPO کا A7 اسمارٹ…

ادارہ  نومبر 5، 2018

ٹیکنالوجی نیوز

اسپاٹیفائی کے صارفین کی تعداد 191 ملین تک پہنچ گئی‎

ادارہ  نومبر 5، 2018

ہواوے

میٹ 20 پرو ہواوے کی تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے…

ادارہ  نومبر 3، 2018

مزید تحریریں دیکھیں 

اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے تمام جملہ حقوق بحق ادارہ ماہنامہ کمپیوٹنگ محفوظ ہیں۔ ادارے سے اجازت کے بغیر اشاعت غیر قانونی ہے۔

Copyright 2007-2018 - All Rights Reserved

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

گندی شاعری

شہوانی و گندی شاعری